11 مارچ، 2026، 11:35 AM

ایران پر حملے کے لیے استعمال ہونے والا ہر فوجی اڈہ ہمارا ہدف ہوگا، ایرانی صدر کی شہباز شریف سے گفتگو

ایران پر حملے کے لیے استعمال ہونے والا ہر فوجی اڈہ ہمارا ہدف ہوگا، ایرانی صدر کی شہباز شریف سے گفتگو

ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ جو بھی فوجی اڈہ ایران پر حملے کے لیے استعمال ہوگا، وہ ایران کے لیے جائز ہدف ہوگا۔

​​​​​​مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے پاکستانی وزیر اعظم شہباز شریف سے ٹیلیفونک گفتگو کے دوران کہا ہے کہ جن امریکی اڈوں سے ایران کی سرزمین پر حملے کیے جاتے ہیں، انہیں حق دفاع کے تحت نشانہ بنایا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق صدر پزشکیان اور پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا جس میں خطے کی تازہ صورتحال اور دو طرفہ تعلقات پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

گفتگو کے دوران صدر پزشکیان نے علاقائی صورتحال کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ایران اس وقت مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ مذاکرات میں مصروف تھا، تاہم اسی دوران امریکہ اور صہیونی حکومت کی جانب سے دوسری مرتبہ ایران پر حملہ کیا گیا۔ اس جارحیت کے نتیجے میں رہبر معظم سید علی خامنہ‌ای سمیت متعدد ایرانی شہری شہید ہوئے جن میں بے گناہ طلبہ بھی شامل تھے۔

انہوں نے کہا کہ حملہ آوروں نے ہمسایہ ممالک کی فضائی حدود کا غلط استعمال کرتے ہوئے ایران کی بنیادی تنصیبات، عوامی مقامات، اسپتالوں اور تعلیمی اداروں کو نشانہ بنایا۔ میناب میں ایک اسکول پر حملے کے نتیجے میں 168 معصوم طلبہ شہید ہوئے۔

ایرانی صدر نے واضح کیا کہ ایران کی دفاعی حکمت عملی کا مقصد خطے کے ممالک کے ساتھ کسی قسم کی جنگ یا کشیدگی نہیں بلکہ صرف ان اڈوں کو نشانہ بنانا ہے جہاں سے ایران پر حملے کیے جاتے ہیں۔
انہوں نے مزید خبردار کیا کہ اگر عالمی برادری اور بین الاقوامی ادارے اس جنگ اور ایران کے خلاف جارحیت کے ذمہ دار عناصر کے خلاف کارروائی نہیں کرے تو عالمی نظم و سلامتی شدید عدم استحکام کا شکار ہوسکتی ہے۔

دوسری جانب وزیر اعظم شہباز شریف نے امریکہ اور صہیونی حکومت کی جانب سے ایران پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے پاکستان کی حکومت اور عوام کی جانب سے ایران کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔

وزیر اعظم پاکستان نے رہبر معظم آیت اللہ سید علی خامنہ‌ای کی شہادت پر تعزیت پیش کرتے ہوئے آیت اللہ سید مجتبی خامنہ‌ای کے نئے رہبر انقلاب منتخب ہونے پر ایرانی حکومت اور عوام کو مبارکباد بھی دی اور امید ظاہر کی کہ ان کی قیادت میں ایران مزید ترقی کرے گا۔

گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے تہران اور اسلام آباد کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے اور اعلی سطح کے سفارتی روابط کو جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

News ID 1938470

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha